عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع پولیس کشتواڑ نے 24گھنٹوں کے اندر ٹرانسفارمر چوری کا معاملہ حل کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا اور چوری شدہ 25 کے وی ٹرانسفارمر کو اس کے کور اور کوائلز کے ساتھ برآمد کیا۔ یہ چوری 3/4 جنوری کی درمیانی رات کو ضلع کشتواڑ کی تحصیل دراب شالہ کے چندارا بلگران علاقے میں پیش آئی تھی ۔ شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی کشتواڑ نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کشتواڑ کی زیرنگرانی ٹیم نے تکنیکی اور مستعد تفتیش کرتے ہوئے کئی مشتبہ افراد کی نشاندہی کی اور انہیں گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کی شناخت محمد مشتاق ولد محمد امین شاہ ساکن دنوندی درابشالہ، محمد داؤد ولد غلام محمد ساکن بالگراں دراب شالہ اور لیاقت حسین ولد حضور دین ساکن چموتی دراب شالہ کے طور ہوئی۔مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور اس مقام کا انکشاف کیا جہاں انہوں نے مسروقہ مال چھپایا تھا۔ان کے انکشاف پر عمل کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے کامیابی سے چوری شدہ 25 کے وی الیکٹرک ٹرانسفارمر کو اس کے کور اور کوائلز سمیت برآمد کر لیا۔ پولیس نے اس سلسلےمیں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 7/2025قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔