سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر میں ریزرویشن کے حوالے سے نیشنل کانفرنس (این سی) حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیاں نوجوانوں کو تقسیم اور تفریق کر رہی ہیں۔
محبوبہ مفتی نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں نہ صرف نوجوانوں میں تفریق پیدا کر رہی ہیں بلکہ اوپن میرٹ کے طلباء کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا بھی تدارک نہیں ہو رہا، جبکہ جموں و کشمیر میں پسماندہ اور کم نمائندگی والی کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔
محبوبہ نے کہا، “یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ حکومت مواقع فراہم کرنے اور اتحاد کو فروغ دینے کے بجائے ایسی پالیسیوں کو اپناتی جا رہی ہے جو نوجوانوں کو تقسیم کرتی ہیں”۔
سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے یہ بھی کہا کہ ماضی کی حکومتوں بشمول ان کی اپنی حکومت نے سٹیٹ سبجیکٹس کو مناسب نمائندگی دینے اور ان کی نشستوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی تھی۔
گزشتہ ماہ، ایک گروہ کے طلباء نے جموں و کشمیر میں ریزرویشن پالیسی کے خلاف احتجاج کیا تھا جس میں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سرینگر سے لوک سبھا کے رکن آغا روح اللہ مہدی بھی شامل ہوئے۔ بعد ازاں، عمر عبداللہ نے احتجاجی طلباء کے وفد کو یہ یقین دہانی کرائی کہ ریزرویشن پالیسی کے جائزے کے لیے کابینہ سب کمیٹی اپنی رپورٹ چھ ماہ میں پیش کرے گی۔
محبوبہ مفتی نے اپنے والد مفتی محمد سعید کی نویں برسی کے موقع پر دارِ شکوہ پارک میں اپنے والد کی حکمرانی کا موجودہ حکومت سے موازنہ کیا۔
انہوں نے کہا، “مفتی صاحب نے محدود نشستوں کے باوجود اس خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا، لیکن آج واضح اکثریت کے باوجود حکومت کئی اہم مسائل پر خاموش ہے جیسے کہ ملازمین کی غیر منصفانہ برطرفیاں، بڑھتی بے روزگاری اور تصدیق کے پیچیدہ عمل جیسے مسائل ہیں”۔
پی ڈی پی کی صدر نے مزید کہا کہ ان کے والد کی حکومتی پالیسیوں کا مقصد کشمیر کے مسائل کا حل مکالمے اور شمولیت کے ذریعے تھا، جو آج کی حکومت میں غائب ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا، “ان کی قیادت میں تعلیم، انفراسٹرکچر اور زراعت میں نمایاں ترقی ہوئی اور ان کے ویژن سے یونیورسٹیاں اور کالجز قائم ہوئے، جو لداخ سمیت تمام خطوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد کی قیادت میں کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بازآبادکاری کے لیے وزیراعظم کا پیکیج ایک اہم سنگ میل تھا۔
اس موقع پر پی ڈی پی کے کارکنوں اور حامیوں نے مفتی محمد سعید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی۔