جموں// حکومت ہند نے وزیراعظم آواس یوجنا-گرامین (پی ایم اے وائی-جی) کے تحت ایک خصوصی منصوبے کی منظوری دی ہے تاکہ ضلع کشتواڑ کے ملواڑوان گاؤں میں آگ سے متاثرہ خاندانوں کو رہائشی امداد فراہم کی جا سکے۔
پچھلے سال 15 اکتوبر کو ہونے والی ایک تباہ کن آگ نے وادی واڑوان میں واقع اس گاؤں میں کئی مکانات کو تباہ کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان بے گھر ہو گئے تھے۔
سرکاری ترجمان کے مطابق، “وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جنہوں نے 16 اکتوبر کو عہدہ سنبھالا، اگلے دن متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین کو طویل مدتی بحالی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے اضافی مالی امداد حاصل کرنے کا وعدہ بھی کیا”۔
اس خصوصی رہائشی پیکیج کی منظوری وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی اپیل کے بعد دی گئی، جس میں انہوں نے مرکزی حکومت سے متاثرہ خاندانوں کے لئے طویل مدتی بحالی کے لئے اضافی مالی امداد کی درخواست کی تھی۔
ترجمان کے مطابق، دیہی ترقی کی وزارت نے باضابطہ طور پر جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے دیہی ترقی کے سکریٹری کو اپنی منظوری سے آگاہ کر دیا ہے۔ اس مواصلت کے مطابق، مالی سال 2024-25 کے لئے خصوصی منصوبے کے تحت 85 مکانات (جن میں پہلے کے سات PMAY-G مستفیدین بھی شامل ہیں) مختص کئے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ PMAY-G کے تحت رہائشی امداد کی فوری ضرورت ہے تاکہ متاثرہ خاندان اپنے مکانات دوبارہ تعمیر کر سکیں اور معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں۔
عمر عبداللہ کی کاوشیں: کشتواڑ آگ متاثرین کیلئے پی ایم اے وائی کے تحت 85 مکانات منظور
