رمیش کیسر
نوشہرہ//سکھوں کے دسویں گرو، گرو گوبند سنگھ جی کے یوم پیدائش کے سلسلے میں سنیچر کے روز نوشہرہ شہر میں ایک عظیم نگر کیرتن نکالا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ یہ نگر کیرتن گردوارہ صاحب چھٹی بادشاہی سے شروع ہو کر نوشہرہ بس اڈے تک گیا، جس میں گرو گرنتھ صاحب جی کو ایک خصوصی گاڑی میں رکھا گیا تھا، اور اس گاڑی کے آگے پنج پیارے چل رہے تھے۔نگر کیرتن کے دوران، شہر کے مختلف علاقوں میں سکھ عقیدت مندوں نے “خالصہ واہ گرو جی کی فتح” کے نعرے لگائے اور گرو گوبند سنگھ جی کی شان میں خوشیاں منائیں۔ اس دوران سکھ نوجوانوں کی طرف سے حیرت انگیز کرتب بھی دکھائے گئے جسے دیکھ کر لوگ محظوظ ہو گئے۔ سڑکوں پر مختلف حلوے کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے جہاں لوگوں نے حلوے کا لطف اٹھایا اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اس دن کو یاد کیا۔اس موقع پر بس سٹینڈ پر سکھ مذہب کے رہنماؤں نے سری گرو گوبند سنگھ جی کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ گرو جی نے ہندو دھرم کی حفاظت کے لئے اپنی زندگی وقف کر دی تھی اور اپنے پورے خاندان کو قربان کر دیا۔ گرو گوبند سنگھ جی نے اپنے ماننے والوں کو کبھی بھی شکست تسلیم نہ کرنے کی تعلیم دی تھی اور اپنے چھوٹے بچوں کو بھی یہی سبق دیا تھا۔ ان کا پیغام تھا کہ اپنے مذہب پر قائم رہنا ہر انسان کے لئے ضروری ہے۔مذہبی رہنماؤں نے اس موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سری گرو گوبند سنگھ جی کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں اور اپنے کردار میں ان کی تعلیمات کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گرو جی کی زندگی کا پیغام ہمیں سچائی، ایمانداری، اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت کی اہمیت سکھاتا ہے۔اس شاندار مذہبی پروگرام نے نوشہرہ میں سکھ کمیونٹی کے جوش و جذبے کو بڑھایا اور شہر میں ایک محبت بھرا ماحول پیدا کیا۔