عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دہلی اور این سی آر میں سردی کی شدت کے ساتھ گھنے کہرے نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر ہفتے کی صبح حد نگاہ صفر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث 150 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ صبح 8:30 بجے تک ایئرپورٹ پر یہی صورتحال برقرار رہی، حالانکہ کچھ علاقوں میں ویزیبلٹی میں بہتری آئی اور 100 سے 250 میٹر تک پہنچ گئی۔ہوائی کمپنیوں نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی پرواز کا اسٹیٹس چیک کریں۔ انڈیگو اور ایئر انڈیا سمیت کئی فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو اطلاع دی ہے کہ شدید کہرے کی وجہ سے شمالی ہندوستان میں پروازوں کے آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ایئرپورٹ حکام نے بھی کہرے کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر سے قبل متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کر کے پرواز کی معلومات حاصل کریں۔کہرے نے دہلی اور شمالی ہندوستان کی سڑکوں پر ٹریفک کو سست کر دیا ہے۔ دھند اتنی گھنی ہے کہ دن کے وقت بھی گاڑیوں کی لائٹس آن کرنی پڑ رہی ہیں، مگر اس کے باوجود آگے دیکھنا مشکل ہو رہا ہے۔ٹرین سروس بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ دہلی آنے والی کئی اہم ٹرینیں کئی گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ وارانسی-دہلی وندے بھارت ایکسپریس تین گھنٹے، جبکہ شرم شکتی ایکسپریس پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ شمالی ہندوستان سے آنے والی دیگر ٹرینیں بھی لیٹ ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
کئی ریاستوں میں بارش اور آندھی کے امکانات:محکمہ موسمیات
عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// آئی ایم ڈی کے مطابق ایران کے مشرقی حصوں میں سائیکلونک سرکولیشن کے طور پر ایک ویسٹرن ڈسٹربینس فعال ہے۔ اس کے اثر سے مغربی ہمالیائی علاقہ اور شمال مغربی ہند کے میدانی علاقوں میں بادل برسیں گے۔ پنجاب، ہماچل اور اتراکھنڈ میں 6-5جنوری کو بجلی کی گرج کے ساتھ ہلکی سے درمانی بارش ہو سکتی ہے۔ جموں کشمیر اور لداخ میں 5-4جنوری کو شدید بارش اور برفباری ہونے کے آثار ہیں۔ ان ریاستوں میں طوفانی ہوائیں بھی چلیں گی۔ سائنسداں نریش کمار نے کہا ہے کہ اگلے 4 سے 5 دنوں میں مغربی ہمالیائی علاقے میں ہلکی سے درمیانی برفباری ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نزدیکی میدانی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔موسم بلیٹن کے مطابق 4 سے 6 جنوری تک جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان اور مظفر آباد میں وسیع طور پر ہلکی سے درمیانی برفباری اور بارش کا اندازہ ہے۔
ہماچل پردیش میں 5 اور 6 جنوری کو ہلکی سے درمیانی برفباری اور بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں 4 اور 5 جنوری کو شدید برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔نئی دہلی میں علاقائی موسم سائنس مرکز نے ہفتہ کو زیادہ تر علاقوں میں ہلکے کہرے اور دھند کی پیش گوئی کی ہے۔ کچھ مقامات پر شدید کہرا بھی رہے گا۔ دن کے دوران جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ شام اور رات میں ہلکا کہرا یا دھند ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔