عظمیٰ نیز سروس
سرینگر// سرینگر-لیہہ شاہراہ کو جوڑنے والا 6.5 کلو میٹر طویل اسٹریٹجک راستہ زیڈ مورٹنل، عوامی افتتاح کے لیے نئی دہلی سے باضابطہ منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔ امرناتھ جی ٹنل وے پرائیویٹ لمیٹڈ(APCO) کی طرف سے تعمیر کردہ سرنگ کو 24 جولائی 2024 کو کمرشل آپریشن کی تاریخ حاصل کیے ہوئے تقریبا ًچھ ماہ گزر چکے ہیں۔2,400 کروڑ روپے کی سرنگ کی تکمیل کے باوجود،حکام اب بھی اسے عوام کے لیے کھولنے کے لیے سرکاری گرین سگنل کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس سرنگ کا افتتاح اس ماہ کے آخر میں وزیر اعظم نریندر مودی کر سکتے ہیں، حالانکہ ابھی تک کسی سرکاری تاریخ کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ایک اہلکار نے کہاکہ ٹنل عوامی استعمال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، لیکن ہم اب بھی نئی دہلی سے رسمی منظوری کے منتظر ہیں، ہمیں امید ہے کہ جلد ہی منظوری مل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹنل سیاحت کو فروغ دینے اور سفری مشکلات کم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سرنگ ہماری زندگیوں کو بہت آسان بنا دے گی، خاص طور پر سخت سردیوں کے دوران، یہ مایوس کن ہے کہ مہینوں سے تیار ہونے کے باوجود یہ اب بھی عوام کے لیے نہیں کھلی ہے۔انہوں نے کہا، “ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت تیزی سے کام کرے گی، کیونکہ یہ ہماری مقامی معیشت اور روزمرہ کے سفر کے لیے بہت ضروری ہے۔ توقع ہے کہ ٹنل سونمرگ کے مشہور سیاحتی مقام اور جموں و کشمیر کے باقی حصوں کے درمیان رابطے کو بڑھا دے گی۔ 8,500 فٹ کی بلندی پر واقع یہ سرنگ قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم خطہ لداخ تک ہر موسم تک رسائی اور فوجی رسد کو فروغ دے گی۔