جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر مینڈھر کے بس سٹینڈ پر بیت الخلا نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ کی بنیادوں پر مسافروں بالخصوص خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ مینڈھر کے بس اڈہ پر بیت الخلا کی فوری تعمیر کی جائے تاکہ خواتین سمیت عام لوگوں کو بھی بنیادی سہولتیں میسر ہوں۔عوام کا کہنا ہے کہ مینڈھر قصبہ میں صرف ایک ہی بیت الخلا موجود ہے، جس میں صفائی کی شدید کمی ہے، جس کی وجہ سے وہاں لوگوں کا جانا دشوار ہو چکا ہے۔ نتیجتاً، لوگ کھلے عام رفع حاجت کے لئے دریا کے کنارے جانے پر مجبور ہیں، جو نہ صرف غیر صحت مندانہ ہے بلکہ ان کی عزت نفس کے لئے بھی انتہائی تکلیف دہ ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہر بس اڈہ پر بیت الخلا بنائے گئے ہیں، لیکن مینڈھر بس اڈہ اس سہولت سے محروم ہے، جو کہ مقامی لوگوں کے لئے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ بس اڈہ کی لاکھوں روپے کی بولی لگائی جاتی ہے، لیکن ان پیسوں کا استعمال عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کیا جانا چاہیے تھا۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ سے اپیل کی کہ وہ مینڈھر بس اڈہ پر بیت الخلا کی تعمیر کے لئے فوری اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بس اڈہ پر بیت الخلا بنایا جائے تو نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔مقامی لوگوںنے کہا کہ بنیادی سہولتوں کا فقدان نہ صرف صحت کے مسائل پیدا کرتا ہے بلکہ خواتین کے لئے مشکلات میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ خواتین کے لئے تو یہ سہولت انتہائی ضروری ہے کیونکہ بس اڈہ پر ایسا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے ان کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بس سٹینڈ پر جلدازجلد بیت الخلا کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔