یواین آئی
نئی دہلی// ہندوستان نے مالدیپ اور پاکستان میں ہندوستان کے مبینہ خفیہ مشن سے متعلق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹس کو بے بنیاد، ناقابل اعتبار اور ہندوستان کے خلاف دشمنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ یہاں ایک باقاعدہ پریس بریفنگ میں واشنگٹن پوسٹ کی دونوں رپورٹوں کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا “ایسا لگتا ہے کہ اخبار اور رپورٹر دونوں کی ہندوستان کے خلاف جنونی دشمنی ہے آپ ان کی سرگرمیوں میں ایک نمونہ دیکھ سکتے ہیںمیں آپ پر چھوڑتا ہوں کہ ان کی ساکھ کا فیصلہ آپ خود کریں۔ جہاں تک ہمارا تعلق ہے، اس کی کوئی معتبریت نہیں ہے۔‘‘ترجمان نے کہا ،’’میں پہلے ہی زیر بحث مضمون کا جواب دے چکا ہوں۔ پاکستان کے معاملے میں، میں آپ کو وہ بات یاد دلانا چاہتا ہوں جو سابق امریکی وزیر خارجہ مسز ہلیری کلنٹن نے کہا تھا ۔ آپ اپنے گھر کے پچھواڑے میں سانپ نہیں رکھ سکتے اور ان سے یہ توقع نہیں رکھ سکتے کہ وہ آپ کے پڑوسیوں کو کاٹیں گے۔ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں تعطل کے حوالے سے پاکستان کی وزارت خارجہ کی باقاعدہ بریفنگ میں دیے گئے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر جیسوال نے کہا کہ پاکستان کے بیان میں ٹینگو کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ٹی کا لفظ دہشت گردی ہے نہ کہ ٹینگو۔