محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں بانہال کے کئی علاقوں میں چوریوں مسلسل وارداتوں میں اضافے سے عام لوگ پریشان ہیں اور ابھی تک مویشیوں ، سڑکوں کے کریش بیر ، اور بجلی ٹرانسفارمروں کی چوری سمیت دیگر چوریوں کو انجام دینے والے کسی بھی گروہ کو پولیس گرفتار نہیں کر سکی ہے۔چوری کی وارداتوں سے متاثرہ کئی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دسمبر کے مہینے میں بنکوٹ ، ٹھاچی امکوٹ ، زنہال ، کسکوٹ ، درشی پورہ اور ٹھٹھاڑ کے علاقوں میں چوروں کے یہ منظم گروہ درجنوں مال مویشیوں کے علاؤہ جل جیون مشن پروجیکٹ کے ٹرانسفارمر ، بانہال، بنکوٹ، منگت رابطہ سڑک کے کنارے لگے لوہے کے کریش بیریر اڑا کر لے گئے ہیں مگر ابھی تک ان چوریوں کی ان وارداتوں کو پولیس بے نقاب نہیں کر سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کے مہینے چوروں کے یہ گروہ فاروق احمد گنائی سکنہ فہووگن کسکوٹ کی گائے ، عطا محمد خان سکنہ زنہال کا بیل اور گائے ، منظور احمد نائیک سکنہ کسکوٹ کے تین گائے اور ایک بیل ، معراج الدین ساکنہ ٹھٹھاڑ کی گائے اور بھیڑیں گھروں سے چار کر لے گئے ہیں۔ فاروق احمد گنائی نامی شخص کا کہنا ہے کہ ان کا گاو خانہ فورلین شاہراہ پر واقع ہے اور تالہ توڑ کر اس کی گائے چرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورلین شاہراہ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دیکھا گیا کہ چور ایک ٹاٹا موبائل اور ایک لال رنگ کریٹا کار لے کر آئے اور گائے کو گاڑی میں ڈال کر فرار ہوئے تاہم چوری کی واردات میں استعمال کی گئی گاڑیوں کا نمبر پلیٹ غائب تھا۔ چوری کی ان وارداتوں میں لوٹے گئے افراد کا کہناہے کہ چوروں کا یہ گروہ منظم ہے اور گھروں کے اندر اور باہر سے مویشیوں کو چوری کرکے لیجاتے ہیں۔ انہوں نے پولیس حکام سے اپیل کی ہیکہ وہ چوری کی ان وارداتوں میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے اپنی کاروائیوں کو تیز کریں اور چوروں کو سلاخوں کے پیچھے کیا جائے۔