اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں ایک ہوٹل سے پر اسرار حالت میں 3 لاشیں برآمد ہوئیں ہیں۔ذرائع کے مطابق آشوتوش رینا ولد دلیپ سنگھ سکنہ بھیلا حال پرکھو جموں، مکیش سنگھ ولد کلدیپ سنگھ ساکنہ دومانہ جموں و سنی چوہدری ولد سبھاش چوہدری سکنہ نوشہرہ حال جموں بھدرواہ کے ایک نجی گیسٹ ہاؤس روئل ان میں ٹھہرے ہوئے تھے اور کل دن بھر ان اپنے گھر والوں کے ساتھ رابطہ نہیں ہوا۔اس دوران ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا ایڈیشنل ایس پی سندیپ شرما، ایس ڈی پی او وسیم ہمدانی و ای ایم آئی سی پرمپریت سنگھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تین لوگ نیا سال منانے کے سلسلے میں جموں سے بھدرواہ آئے تھے اور کل دیر رات ان کے رشتہ داروں کا فون آیا کہ ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہو رہا ہے جس پر پولیس نے ان کی تلاش شروع کی اور ان کی گاڑی سے معلوم ہوا کہ وہ رائل ان نامی گیسٹ ہاؤس کے کمرہ نمبر 103 میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق ایس ایچ او بھدرواہ سندیپ پریہار کی قیادت میں پولیس موقع پر پہنچی اور کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن اندر سے کوئی جواب نہ ملنے پر دروازہ توڑا اور اندر سے تین لوگوں کو بیہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک باتھروم اور دو بیڈ پر تھے۔ اس دوران ڈاکٹروں و فرانسیک کی ٹیم کو بلایا گیا اور ان کی جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی عمل شروع کیا گیا ہے۔ ان کی شناخت مکیش کمار، آشوتوش اور سنی چوہدری کے طور پر ہوئی ہے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اندر سے کوئلہ کی ایک سگڑی بھی برآمد ہوئی ہے اور خدشہ ہے کہ ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے تاہم حقیقت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔اس دوران ایس ایس پی نے ایڈیشنل ایس پی بھدرواہ کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی اور پولیس کی سفارش پر مہلوکین کا پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے ایک میڈیکل بورڈ کا بھی قیام عمل میں لایا گیا۔ اس سلسلہ میں بھدرواہ تھانہ میں دفعہ 194 بی این ایس تحت ڈی ڈی نمبر 28 درج کر کے تحقیقاتی عمل شروع کیا گیا ہے۔
بھدرواہ کے ایک ہوٹل میں مشکوک حالت میں 3 افراد کی لاشیں برآمد | پولیس نے معاملہ درج کرلیا ،خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل : ایس ایس پی ڈوڈہ
