پہلگام// جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پہلگام میں کامیاب سیاحتی میلے کے بعد سونہ مرگ اور دیگر خوبصورت مقامات پر بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔
پہلگام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا، “ہم جموں و کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سیاحت ہماری معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور ہمارا مقصد یہاں کے سیاحتی شعبے کو مزید مستحکم بنانا ہے”۔
انہوں نے کہا کہ سرکار کا مقصد جموں و کشمیر کو دنیا کا پسندیدہ سیاحتی مقام بنانا ہے اور اس کے لیے متعدد تقریبات کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
پارٹی رہنما آغا روح اللہ کے حالیہ بیان پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی توجہ اس وقت ریاست کے سیاحتی شعبے کو مضبوط کرنے پر مرکوز ہے۔
بی جے پی کی حالیہ تنقید کا جواب دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا، “بی جے پی حالیہ انتخابات میں بری طرح ناکام ہوئی ہے، اور ان کا بیانیہ جموں و کشمیر کے عوام کو متاثر کرنے میں ناکام رہا ہے”۔
کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید تقریبات کا انعقاد ہوگا: وزیراعلیٰ
