بارہمولہ// شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے میں جمعرات کو ایک افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے دو کمسن بہن بھائی آگ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ فیروزپورہ علاقے میں ایک رہائشی شیڈ میں رکھی روایتی ہیٹر (بخاری) کے دھماکے کے سبب آگ لگ گئی جس نے شیڈ کو خاکستر کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں تین ماہ کی بچی اور تین سال کا بچہ آگ کی لپیٹ میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔
یہ رہائشی شیڈ محمد اشرف ڈار کا تھا، جہاں یہ حادثہ پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ لوگوں نے ٹین کے شیڈ کے اندر سے بچوں کی جھلسی ہوئی لاشیں برآمد کیں، جس کے بعد علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
مقامی لوگوں کے مطابق، دونوں بچوں کی والدہ سبزی لانے بازار گئی ہوئی تھیں، جب وہ واپس آئیں تو شیڈ مکمل طور پر جل چکا تھا اور ان کے بچوں کی لاشیں اندر موجود تھیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ بچاؤ کارروائی کے لیے پہنچے، لیکن بدقسمتی سے بچے پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔
ٹنگمرگ میں ٹین کے شیڈ میں آتشزدگی، 2 کمسن بہن بھائی جاں بحق
