جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر بس سٹینڈ پر شیڈ تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے قصبہ میں آنے والوں اور گاڑیوں کا انتظار کرنے والے مسافرں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مینڈھر ٹرانسپورٹ یونین نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بس اڈہ مینڈھر پر مسافروں کے لیے ایک شیڈ تعمیر کیا جائے تاکہ مسافروں کو انتظار کے دوران سہولت فراہم کی جا سکے۔ یونین کا کہنا ہے کہ مینڈھر بس اڈہ سب ڈویژن کا سب سے بڑا اڈہ ہے جہاں روزانہ ہزاروں مسافر چھوٹی اور بڑی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں، لیکن مسافروں کے بیٹھنے کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں ہے۔سومو یونین کے صدر کفیل خان اور سابقہ سرپنچ نیاز خان نے کہا کہ بس اڈہ کی بولی سے ہر سال لاکھوں روپے جمع کئے جاتے ہیں، لیکن نہ تو ڈرائیور طبقہ کے بیٹھنے اور نہ ہی مسافروں کیلئے کوئی بندوبست کیاگیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جو پیسے بولی کے ذریعے جمع کیے جاتے ہیں، انہیں قصبے کی صفائی کے ساتھ ساتھ بس اڈہ پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے۔یونین کا کہنا ہے کہ اسکولی بچوں اور عام مسافروں کو گھنٹوں بس اڈہ پر کھڑے ہو کر گاڑیوں کے انتظار میں وقت گزارنا پڑتا ہے، جو ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ یہ صورت حال ناقابل برداشت ہے اور فوری حل کی متقاضی ہے۔یونین نے بی ڈی او اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر بس اڈہ پر ایک شیڈ تعمیر کیا جائے تاکہ لوگ آرام سے گاڑیوں کا انتظار کر سکیں۔ بصورت دیگر، یونین نے احتجاج کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر نکلنے سے گریز نہیں کریں گے۔