سمت بھارگو
راجوری //تھنہ منڈی راجوری سے آزاد رکن اسمبلی (ایم ایل اے) مظفراقبال خان اور سرانکوٹ پونچھ سے آزاد رکن اسمبلی چوہدری اکرم نے جموں و کشمیر میں ریاستی حیثیت کی بحالی کے لئے ایک دستخطی مہم کا آغاز کیا۔دستخطی مہم کا آغاز کرتے ہوئے دونوں ممبران اسمبلی نے ایک مارچ کی قیادت کی جو ڈپٹی کمشنر دفتر کمپلیکس تک پہنچی، جہاں انہوں نے انتظامیہ کے افسران کو ایک تحریری یادداشت پیش کی۔ اس یادداشت میں وزیر اعظم ہند سے ریاستی حیثیت اور دیگر حقوق کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا گیا ۔تھنہ منڈی کے ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے اس موقع پر کہاکہ ان کا ہدف تین ماہ کے اندر جموں و کشمیر کے تین کروڑ عوام کے دستخط حاصل کرنا ہے، اور یہ دستخط پورے جموں و کشمیر سے حاصل کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ دستخط جموں و کشمیر اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے اور پھر مرکزی حکومت کو بھیجے جائیں گے۔ایم ایل ایز نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام میں سے کوئی بھی شخص خصوصی حیثیت اور ریاستی حیثیت کے خاتمے سے خوش نہیں ہے اور اب ہر کسی کی خواہش ہے کہ ریاستی حیثیت اور خصوصی حقوق فوری طور پر بحال کئے جائیں۔چوہدری اکرم نے کہا کہ یہ مہم قانون کے دائرے میں اور جمو ں و کشمیر کی جمہوری تنظیم کے تحت چلائی جا رہی ہے۔ تمام دستخط جموں و کشمیر اسمبلی میں پیش کئے جائیں گے اور پھر حکومتِ ہند کے سامنے رکھے جائیں گے۔ انھوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ اس مہم کا مقصد عوام کے حقوق کی بحالی اور جمو ں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو دوبارہ حاصل کرنا ہے۔