عظمیٰ نیوز سروس
جموں // جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور جے کے لیگل سروسز اتھارٹی کے سرپرست اعلیٰ، تاشی ربستان نے چھنی راما جموں میں واقع’ مسکان ہوم فار چلڈرن‘ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ جے کے لیگل سروسز اتھارٹی کے ممبر سیکرٹری امت کمار گپتا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جموں انسویا جموال بھی موجود تھیں، جو ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سوسائٹی، جموں کی ایگزیکٹو سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔چیف جسٹس نے بچوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور مٹھائیاں اور تحائف تقسیم کئے۔ اس دوران انہوں نے بچوں کی رہائش، ان کی ضروریات اور موجودہ سہولیات کا جائزہ لیا۔چیف جسٹس تاشی نے بچوں کے ہوم کے عملے سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ہدایات دیں۔ انہوں نے بچوں کی جامع نشوونما کے لئے ایک معاون اور پرورش دینے والے ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جموں انسویا جموال نے چیف جسٹس کو یقین دلایا کہ بہتری کے لئے دی گئی تجاویز پر فوری عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ سہولیات پر روشنی ڈالی جن میں سمگرہ شکشا کے تحت خصوصی تعلیمی کلاسز، جامع علاقائی مرکز (سی آر سی) جموں کے ذریعے منظم جسمانی اور موٹر ڈیولپمنٹ کی سرگرمیاں، اور بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے فزیوتھراپسٹ اور ماہر نفسیات کے ہفتہ وار دورے شامل ہیں۔چیف جسٹس نے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے انتظامیہ اور عملے کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کمیوں کو دور کرنے اور بچوں کی عزت اور حقوق کے تحفظ کے لئے مستقل کوششیں جاری رکھنے کی تاکید کی۔چیف جسٹس کا یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عدلیہ اور جے کے لیگل سروسز اتھارٹی معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہیں اور ان کی ضروریات کو ہمدردی اور دیکھ بھال کے ساتھ پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہیں۔