محمد تسکین
بانہال// سابق ایگریکلچر آفیسر اور نیشنل کانفرنس کے ضلع نائب صدر برائے رام بن، محمد افضل وانی ساکنہ بنکوٹ بانہال مختصر علالت کے بعد بدھ کی صبح صدر ہسپتال سرینگر میں انتقال کر گئے۔ وہ 81 برس کے تھے اور انہیں بدھ کی دوپہر چھاناڑ بنکوٹ گاؤں میں اپنے آبائی قبرستان میں دفن کیا گیا۔ ان کے جنازے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
مرحوم کی رحلت پر سیاسی، سماجی، دینی اور مختلف ملازم تنظیموں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان خصوصاً ان کے بڑے بیٹے ریٹائرڈ لیکچرار عبد القیوم وانی اور غلام محی الدین وانی، ملازم محکمہ پی ایچ ای کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ مرحوم کی مغفرت کیلئے دعائیں کی گئیں۔
محمد افضل وانی اپنے علاقے کے ایک بااثر، شریف النفس، ملنسار، کم گو اور صوم و صلوٰۃ کے پابند شخص تھے۔ ملازمت سے سبکدوشی کے بعد انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور نیشنل کانفرنس کے سینئر سیاسی رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے۔
ممبر اسمبلی بانہال، حاجی سجاد شاہین، نے خبر ملتے ہی جموں سے بانہال پہنچ کر سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور ان کے حوصلہ افزائی کی۔ ان کے ہمراہ یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی نائب صدر طارق احمد ڈار اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ممبر اسمبلی حاجی سجاد شاہین نے مرحوم محمد افضل وانی کی خدمات اور انسانیت کیلئے ان کے شاندار کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک سیاسی دور اندیش، ایثار اور فداکاری کی علامت تھے، اور ان کی رحلت سے بانہال ایک معتبر اور محترم سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا ہے۔ انہوں نے اللہ سے مرحوم کے ایصال ثواب اور سوگوار خاندان کیلئے صبر کی دعا کی۔
مرحوم کی رحلت پر اساتذہ، لیکچرارز، پی ایچ ای ملازمین، اور پی ایچ ای ڈیلی ویجرز ایسوسی ایشن سمیت کئی سرکاری ملازمین کی انجمنوں نے لواحقین سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کو صبر دے۔
مرحوم محمد افضل وانی کی یاد میں اجتماعی فاتحہ خوانی ان کے گھر بنکوٹ بانہال میں ہفتے کے روز کی جائے گی۔