سرینگر// وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، “یکم جنوری سے دو مغربی حلل جموں و کشمیر کو متاثر کریں گے جس دوران برف و باراں متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم اور 2 جنوری کو (کمزور مغربی ہوائیں) ہلکی برفباری اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے، خاص طور پر یکم کی شام سے 2 جنوری کی صبح تک بارشیں اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔ 3 سے 6 جنوری تک جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور جموں و کشمیر کے اکثر علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے، جس کا عروج 4 سے 6 جنوری کے دوران ہوگا۔ 7 سے 10 جنوری کے درمیان موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کی توقع ہے”۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ تازہ برفباری، منفی درجہ حرارت اور سڑکوں پر ممکنہ برفانی اور پھسلن کے حالات کے پیش نظر سفر کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
محکمہ نے مزید کہا کہ 4 اور 5 جنوری کو بلند پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا خدشہ ہے۔
بدھ کے روز سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 4.4، گلمرگ میں منفی 8.8 اور پہلگام میں منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جموں شہر میں کم از کم درجہ حرارت 8.4، کٹرا میں 5.7، بٹوت میں 2.5، بانہال میں منفی 1.3 اور بھدرواہ میں منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
ان دنوں سرینگر کی ڈل جھیل سمیت وادی کی تمام جھیلیں جزوی طور پر جمی ہوئی ہیں۔
وادی میں شدید سردی کا 40 روزہ مرحلہ “چلہ کلان” 21 دسمبر سے شروع ہوچکا ہے، جو 30 جنوری کو ختم ہوگا۔
محکمہ صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرد موسم کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کو گرم رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ امراض قلب کے ماہرین کے مطابق، عالمی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سرد موسم میں خون کی شریانوں کے سکڑنے کی وجہ سے دل کے دورے اور حرکت قلب بند ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ سردی کے ساتھ سانس کی بیماریوں کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں اموات ہوتی ہیں۔
جموں و کشمیر میں برفباری اور بارشیں متوقع: محکمہ موسمیات
