عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ راجیش کمار شاون نے ضلع کشتواڑ میں حالیہ برفباری کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ضلع ہسپتال ،قصبہ و اسکے گردنواح کے علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈی سی نے ضلع ہسپتال کشتواڑ میں مریضوں کو فراہم کی جا رہی صحت کی سہولیات اور طبی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ سے بات کی اور ضروری ادویات طبی آلات اور دیگر وسائل کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ڈی سی نے صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کی ضرورت کا اعادہ کیا خاص طور پر سردیوں کے مشکل موسم میں۔ جسکے بعد قصبہ میں ڈی سی نے برف باری کے بعد کے حالات کا معائنہ کیا اور سڑک کی صفائی بجلی کی بحالی اور دیگر عوامی سہولیات پر توجہ مرکوز کی۔انہوں نے ایگزیکٹیو آفیسر میونسپلٹی کو ہدایت دی کہ وہ موثر برف صاف کرنے اور شہر میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنائیں۔ جبکہ اراضی پر تجاوزات کے خلاف سخت چوکسی رکھنے کی خصوصی ہدایات جاری کی ۔ ڈی سی نے چوگان گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا تاکہ برف باری کے بعد اس کی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے گراؤنڈ کے قابل استعمال اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے بروقت دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا۔