سمت بھارگو
راجوری// مغل روڈ پر پانچویں دن بھی ٹریفک معطل رہا، کیونکہ برف ہٹانے کے بعد بھی سڑک پر شدید پھسلن کے باعث حکام نے راستہ کھولنے سے گریز کیا۔پونچھ کو شوپیاں ضلع سے جوڑنے والی یہ اہم سڑک جمعہ کو ہونے والی برفباری کے بعد سے بند ہے اور تاحال کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ، فاروق خان نازکی نے بتایا کہ منگل کو صبح، دوپہر اور شام کو کئی مشترکہ معائنے کئے گئے، جن میں سڑک پر شدید پھسلن پائی گئی۔انہوں نے کہاکہ ’ایسی پھسلن کے ساتھ ٹریفک چلانے کی اجازت دینا حادثات کے زیادہ خطرے کا باعث بن سکتا ہے، اسی لئے ٹریفک بحال کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا‘۔ایس ڈی ایم کے مطابق پونچھ کی جانب سے برف صاف کرنے کا کام پیر کی شام مکمل ہوا، جبکہ شوپیاں کی طرف سے یہ کام اتوار کو ختم کیا گیا تھا۔ تاہم، پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی اجازت دینا ممکن نہیں ہو سکا۔مغل روڈ کی بندش سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جو اس راستے پر انحصار کرتے ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی سڑک کو کھول دیا جائے گا۔