عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//یونیورسٹی آف جموں کے پونچھ کیمپس کے شعبہ ریشم (سریکلچر) کے طلبہ کا دو ہفتے پر مشتمل تعلیمی دورہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس دورے کا مقصد طلباء کو جدید ریشم کی صنعت کے عملی تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا تھا۔اس تعلیمی دورے میں طلبہ نے جنوبی ہندوستان کے مشہور اداروں کا دورہ کیا، جن میں CSTRI اور SBRL، بنگلور، CSGRC، ہوسور (تمل ناڈو)، CSRTI، میسور، SSPC میسور اور ایگ پریزرویشن سینٹر، میسور شامل ہیں۔ طلبہ نے مختلف تحقیقی مراکز، ریشم کے کارخانوں، ریاستی محکموں اور توسیعی مراکز کا مشاہدہ کیا۔دورے کے دوران طلباء نے مختلف شعبوں کے ماہرین سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ایم مویتیاکتّم، ڈاکٹر جوائسی روی ڈی، اور ڈاکٹر میگھلا دیوی نے ریشم کی صنعت میں جدید تحقیق، کسانوں کو بااختیار بنانے، اور کیڑے مار طریقہ کار پر گفتگو کی۔ڈاکٹر مدھو سدن نے سالمیت کے حوالے سے جینیاتی تحقیق پر روشنی ڈالی جبکہ ڈاکٹر وجرامنا بی نے مولبیری کی بیماریوں سے بچاؤ کی تکنیکیں بیان کیں۔ ڈاکٹر کے ایم پوننوویل نے بیج کی پیداوار اور ان کے انتظام کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔طلباء نے اس تجربے کو اپنی تعلیمی زندگی کے لئے نہایت فائدہ مند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ان کے علم اور تجربے میں نمایاں اضافہ کرے گا۔پونچھ کیمپس کے ڈائریکٹر، پروفیسر راکیش وید، نے طلبا کو مبارکباد دی اور میزبان اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دورے طلبہ کی علمی وسعت کو بڑھانے اور ان کی عملی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے بہت اہم ہیں۔