محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ مین چوک میں واقع ایک حجام کی دکان پر ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ پیش آیا۔ مشتاق احمد ولد محمد اقبال سکنہ گونڈی، اپنے سر کے بال منڈوانے کے لئے حجام کی دکان پر گیا۔ بال کٹوانے کے بعد جب مشتاق احمد نے پیسے دینے کے لئے جیب میں ہاتھ ڈالا تو وہاں پیسے موجود نہیں تھے۔ مشتاق نے فوراً شور مچانا شروع کر دیا اور الزام لگایا کہ حجام نے اس کے تین ہزار روپے نکال لئے ہیں۔مشتاق احمد کے شور کے بعد دکان کے باہر سینکڑوں افراد کا ہجوم جمع ہو گیا۔ معاملہ شدت اختیار کرنے پر مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی، جو فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ لوگوں کی موجودگی میں جب حجام سے بازپرس کی گئی تو اس نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے تین ہزار روپے مشتاق احمد کو واپس کر دئیے۔اس واقعے کے بعد پولیس نے حجام کو گرفتار کر کے تھنہ کنڈی منتقل کر دیا جہاں اس سے مزید پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں نے اس واقعے پر شدید حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کوٹرنکہ جیسے پرامن علاقے میں اس طرح کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جو کہ یوپی اور بہار جیسے علاقوں کے واقعات کی یاد دلاتے ہیں۔ شہریوں نے مقامی انتظامیہ اور پولیس سے اپیل کی کہ اس حجام کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کی حرکت نہ کرے اور علاقے کی بدنامی نہ ہو۔