اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پیر کے روز بھی اگر چہ مطلع صاف رہا تاہم تیسرے روز بھی ضلع کی اندرونی دیہات کو جوڑنے والی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن و برف کی وجہ سے متاثر رہا۔ادھر مقامی لوگوں مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی و تعمیرات عامہ کی زیر نگرانی رابطہ سڑکوں پر برف ہٹانے کے کام میں لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان محکموں کی عدم توجہی سے برف ہٹانے والی ایجنسیوں نے پوری برف نہیں ہٹایا جس کے سبب نہ صرف گاڑیوں کی آمدورفت بلکہ عام راہگیروں کو بھی چلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو مطلع صاف رہا اور ضلع کی اہم رابطہ سڑکوں پر ٹریفک وقفے وقفے سے جاری رہا اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیںہنوز بند رہی۔محکمہ تعمیرات عامہ و پی ایم جی ایس وائی نے اگر چہ بھی سڑکوں سے برف ہٹانے کا دعویٰ کیا لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ڈوڈہ کے بلاک گھٹ، گندنہ، ٹھاٹھری ،چرالہ، کاہرہ ،چلی پنگل ،جکیاس ،گندوہ بھلیسہ ،چنگا ،بھدرواہ، بھالہ، مرمت، کاستی گڑھ ،بھاگواہ کے ملحقہ علاقوں سے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا تعمیراتی ایجنسیاں چھ ماہ قبل برف ہٹانے کے ٹنڈر نکالتے ہیں لیکن جب برف یا بارشوں سے پسیاں سڑکوں پر گرتی ہیں تو مذکورہ ٹھیکیدار غیر تسلی بخش کام کرتے ہیں اور سڑکوں سے ساری برف نہیں ہٹاتے ہیں جس کے سبب نہ صرف گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑتا ہے بلکہ عام راہگیروں کے لئے دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔نوجوان سماجی کارکن مومن ملک نے کہا کہ محکمہ کی عدم توجہی کے باعث ٹھیکیدار غیر معیاری کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل چلی پنگل کی بیشتر سڑکوں پر ابھی بھی بھاری برف جمع ہے اور لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں. وہیں بٹ مارکیٹ گواڑی، گندوہ ،ملکپورہ و چلی کا بھی یہی حال ہے۔اس ضمن میں کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ ارون کمار بڈیال نے کہا کہ بجلی و پانی کو بحال کیا گیا ہے اور رابطہ سڑکوں سے بھی برف ہٹائی گئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ کچھ مقامات پر ابھی بھاری پھسلن و کہرا لگا ہے اس کو صاف کرنے کی تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایات دیں گئیں ہیں۔