یو این آئی
غزہ// اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ تازہ کارروائیوں میں مزید 50 فلسطینی جاں بحق گئے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ سٹی کے 3 اسپتالوں پر حملے کیے ، الوفا اسپتال پر حملے میں متعدد لوگ جھلس گئے اور کم از کم 7 فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اسپتال کو آگ لگاکر اسپتال ڈائریکٹر اور عملے سمیت سیکڑوں افراد کو قیدی بنالیا تھا۔فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 30 فلسطینی ہلاک ہوئے ۔اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے حماس کے ساتھ ’محدود‘ معاہدے کی رپورٹ کی تردید کی ہے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ایک میڈیا رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی حکومت اور حماس امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف برداری سے قبل خیر سگالی کے اظہار کے طور پر محدودجنگ بندی کے معاہدے پر راضی ہو سکتے ہیں۔اسرائیل کے چینل 12 کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں فریق ٹرمپ کے 20 جنوری کو ہونے والے افتتاحی تقریب کے لیے ایک چھوٹی ڈیل میں دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن اس نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ادھرحماس کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے مذاکرات میں ’زیادہ سے زیادہ لچک‘ کا مظاہرہ کیا ہے ۔اسامہ حمدان نے الاقصیٰ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی اور فلسطینی قیدیوں کے اسرائیلی اسیران کے تبادلے کے لیے جاری مذاکرات میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم قیدیوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ لچک کی طرف گئے بشرطیکہ جارحیت رُک جائے ، جامع واپسی، ریلیف اور بغیر شرائط کے تعمیر نو ہو لیکن جب مذاکراتی اسٹیشن پر اتفاق ہوتا ہے تو دشمن اس بات کے خلاف ہو جاتا ہے ۔ان کے مطابق دشمن کا کہنا ہے کہ وہ پٹی سے مکمل طور پر پیچھے ہٹنے اور جارحیت کو روکنے کے لیے تیار نہیں ہے اور وہ ان دو نکات پر رُک جاتا ہے ، فوجی جرنیلوں کے منصوبے کے مطابق فلسطینیوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے اسپتالوں پر حملے کرتے ہیں۔
نیتن یاہو کا آپریشنپروسٹیٹ کو نکال دیا گیا
یو این آئی
تل ابیب// اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے ، جبکہ پروسٹیٹ کو نکال دیا گیا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی سرجری اسپتال کے کئی منزلہ زیرِ زمین وارڈ میں ہوئی۔ڈاکٹروں کے مطابق خوف کے باعث اسرائیلی وزیر اعظم کا زیرِ زمین آپریشن کرنا پڑا جو 2 گھنٹے سے زائد جاری رہا، انہیں اب کئی دن زیرِ زمین وارڈ میں گزارنے پڑیں گے ۔اسرائیلی وزیر اعظم کی سرجری کے باعث عبوری وزیرِ اعظم کے طور پر وزیرِ انصاف یاریو لیون نے ذمے داریاں سنبھالی ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم کی عمر 75 سال ہے ، گزشتہ سال ان کے دل میں پیس میکر نصب کیا گیا تھا۔