یو این آئی
سرینگر//مرکزی داخلہ سیکریٹری گوند موہن نے پیر کو سرینگر میں جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ شام دیر گئے داخلہ سیکریٹری نے لالچوک گھنٹہ گھر کا بھی دورہ کیا۔اطلاعات کے مطابق مرکزی داخلہ سیکریٹری گوند موہن نے پیر کو جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایس کے آئی سی سی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں پولیس ، فوج ،سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، سرا غ رساں ایجنسیوں کے عہدیدار اور صوبائی انتظامیہ کے آفیسران بھی موجود رہے۔چیف سکریٹری اتل ڈلو، ہوم سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(ڈی جی پی)نلین پربھات، آرمی کی 15 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔جائزہ اجلاس میں جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال کے متعدد پہلوں پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی خدشات اولین ترجیح بنی ہوئی ہے، اور میٹنگ میں دراندازی کی کوششوں کا مقابلہ کرنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو مضبوط بنانے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع نے کہا کہ سرحد پار سے ملی ٹینٹوں کو جموں و کشمیر میں دھکیلنے کی کوششوں میں حالیہ اضافے نے ایسی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ایک مضبوط ایکشن پلان کی ضرورت پر زور دیا گیا۔موسم سرما کے حالات کے پیش نظر خطوں اور کنٹرول لائن کے ساتھ آپریشنز پر اثر انداز ہونے کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کو کہا گیا ۔مرکزی داخلہ سکریٹری نے ترقیاتی اقدامات کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا، جن کا مقصد جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے اور روزگار کے مواقع کو بہتر بنانا ہے۔حکام جاری منصوبوں کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کیا گیا اور ان رکاوٹوں کو اجاگرکیا گیا جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔مزید برآں، جموں و کشمیر میں ترقیاتی منظر نامے بشمول مرکزی اسپانسر شدہ سکیموں اور موسم سرما کے لیے مخصوص پروجیکٹوں کا نفاذکا بھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران داخلہ سیکریٹری کولائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران داخلہ سیکریٹری نے آفیسران کو ہدایت دی کہ ایل او سی پر دراندازی مخالف گرڈ کو مزید مضبوط و مستحکم کیا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔دریں اثنا ء پیر کی شام مرکزی داخلہ سیکریٹری سینئر آفیسران کے ہمراہ تاریخی گھنٹہ گھر لالچوک پہنچے اور وہاں پر لوگوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔معلوم ہوا ہے کہ داخلہ سیکریٹری نے پرتاپ پارک میں قائم بلدان ستمب کا بھی معائنہ کیا اور وہاں شہید اہلکاروں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔