غلام نبی رینہ+مشتاق الاسلام
کنگن+پلوامہ// پیر کوسرینگر لداخ شاہراہ یکطرفہ آمدورفت کے لئے کھول دی گئی۔ سونمرگ سے 100 درماندہ گاڑیوں کو صبح دس بجے سے دوپہر تین بجے تک کرگل کی جانب روانہ کیا گیا ۔جمعہ کو ہوئی بھاری برفباری کی وجہ سے سرینگر لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا جس کے باعث سرینگر سونمرگ شاہراہ پر سینکڑوں مال اور مسافر بردار گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں۔ اتوار کو موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی باڈر روڈ آرگنائزیشن اور پروجیکٹ وجیک نے دراس اور سونمرگ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا۔ ایس ایس پی ٹریفک رورل کشمیر آر پی سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بیکن کی طرف سے گرین سنگنل ملنے کے بعد سونمرگ سے کرگل کی طرف100 مسافر گاڑیوں کو روانہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ زوجیلا اور شیطانی نالہ پر برف باری کی وجہ سے پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ڈرائیوروں کو اینٹی سکیڈ چین کیساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔ادھر تاریخی مغل روڑ پر شوپیان سے پیر کی گلی تک برف کو ہنگامی بنیادوں پر ہٹا یا گیا۔ڈپٹی کمشنر شوپیان نے پیر کو پیر کی گلی تک سڑک کا معائنہ کیا، جس پر برف مکمل طور پر ہٹا دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو مغل روڑ کھولا جائیگا، بشرطیکہ پیر کی گلی پر پھسلن یا برف نہ جمی ہو۔