ایجنسیز
لندن/لیورپول نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 گول سے ہرا دیا، دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نے لیسٹر سٹی کو 0-2 گول سے ہرا دیا جبکہ ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیم نے ایورٹن کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔ پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔لندن سٹیڈیم ،لندن میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں لیورپول نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کو 0-5 گول سے ہرا دیا،لیورپول کی جانب سے لوئس ڈیاز،کوڈی گکپو،محمد صلاح، ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ اور ڈیوگو جوٹا نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیم کوئی گول سکور نہ کر سکی۔یہ لیورپول کی لیگ میں 14ویں فتح ہے اور اس فتح نے لیورپول کی ٹیم کی ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم بنادیا ہے۔کنگ پائور سٹیڈیم ،لیسٹر کے مقام پر کھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیسٹر سٹی کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بآسانی 0-2 گول سے ہرا دیا۔ساونہو اور ایرلنگ ہالینڈنے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ لیسٹر سٹی کی ٹیم میچ میں کوئی گول سکور نہ کرسکی۔گڈیسن پارک، لیورپول میں کھیلے گئے میچ میں ناٹنگھم فارسٹ اور ایورٹن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایورٹن کی ٹیم کو با آسانی 0-2 گول سے ہرا دیا۔نارٹنگھم فارسٹ کی طرف سے کرس ووڈ اورمورگن گبز وائٹ نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ انگلش پریمیئر لیگ میں لیورپول کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 45 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہے جبکہ ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیم 37 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آرسنل کی ٹیم 36 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔