غلام نبی رینہ
کنگن// سرینگر-لداخ شاہراہ کو یکطرفہ مسافر گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ پیر کے روز سونمرگ سے تقریباً 100 درماندہ گاڑیاں صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کرگل کی جانب روانہ کی گئیں۔
جمعے کو ہونے والی شدید برفباری کے بعد احتیاطاً شاہراہ کو بند کر دیا گیا تھا، جس کے باعث سرینگر-سونمرگ شاہراہ پر سینکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں درماندہ ہو گئی تھیں۔
اتوار کو موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی باڈر روڈ آرگنائزیشن اور پروجیکٹ وجیک نے دراس اور سونمرگ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا۔
ایس ایس پی ٹریفک رورل کشمیر آر پی سنگھ نے بتایا کہ بی آر او کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پیر کو سونمرگ سے کرگل کی جانب 100 مسافر گاڑیاں روانہ کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ زوجیلا اور شیطانی نالہ کے علاقوں میں برفباری کے باعث پھسلن پیدا ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے ڈرائیوروں کو اینٹی اسکیڈ چین استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغیر اینٹی اسکیڈ چین والی گاڑیوں کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔ اگر موسم سازگار رہا تو منگل کو کرگل سے سرینگر کی جانب گاڑیوں کو سفر کی اجازت دی جائے گی۔