اننت ناگ// منشیات کے خاتمے اور منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی کوشش میں، اننت ناگ پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 1 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کاروائی نہ صرف منشیات کے جرائم کو روکنے بلکہ مجرموں کے لیے عبرتناک پیغام بننے کی عکاس ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ نوشہرہ، سری گفوارہ میں بلال احمد راتھر، والد ولی محمد راتھر، ساکن نوشہرہ، سریگفوارہ کا ایک منزلہ رہائشی مکان اور ایک کنال زمین، جن کی مجموعی مالیت 20 لاکھ روپے ہے، ضبط کی گئی۔ بلال احمد ایف آئی آر نمبر 57/2021 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/18 میں ملوث ہے اور اس پر منشیات کی بھاری مقدار کی برآمدگی کا الزام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران سرہامہ، سری گفوارہ میں محمد اشرف گنائی، والد محمد رمضان گنائی، ساکن سرہامہ، سریگفوارہ کی ایک کنال زمین پر واقع رہائشی مکان، جس کی مالیت 40 لاکھ روپے ہے، ضبط کر لیا گیا۔ اشرف گنائی ایف آئی آر نمبر 99/2021 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث ہے اور اس پر ممنوعہ اشیاء کی برآمدگی کا الزام ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اینو، عشمقام میں روف احمد نندہ، ولد گل محمد تانترے، ساکن اینو، عشمقام کی ایک رہائشی جائیداد، جس کی مالیت 40 لاکھ روپے ہے، ضبط کی گئی۔ روف احمد ایف آئی آر نمبر 34/2022 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/15-29 میں ملوث ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تمام جائیدادیں قانونی کاروائی مکمل ہونے تک پولیس کی تحویل میں رہیں گی۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف منشیات فروشوں کے مالی وسائل کو ختم کرنا بلکہ معاشرے کو ایک مثبت اور منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے۔
اننت ناگ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی متعلقہ معلومات کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ایک محفوظ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
اننت ناگ پولیس کی منشیات مخالف کاروائی: 1 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط
