رمیش کیسر
نوشہرہ // محکمہ امور صارفین اینڈ پبلک ڈسٹربیوشن کا نوشہرہ میں واقع راشن سٹور خستہ حالی کا شکار ہے اور برسوں سے مرمت کا منتظر ہے۔ 1960 میں تعمیر کیا گیا یہ سٹور اپنی ناقص حالت کی وجہ سے عوام کیلئے پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس خستہ حال سٹور کی دیواریں پتھروں سے بنی ہوئی ہیں اور ان پر لگا ہوا سیمنٹ خراب ہو چکا ہے۔ برسات کے موسم میں سٹور کی بنیادوں کے نیچے سے پانی آتا ہے، جس کی وجہ سے سٹور کے اندر ذخیرہ شدہ راشن متاثر ہوتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران سٹور کے اندر موجود راشن بھیگ کرخراب ہو جاتا ہے، جس سے انہیں معیاری راشن حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔عوام نے محکمہ امور صارفین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ راشن سٹور کی حالت بہتر نہ کرنا محکمہ کی بڑی لاپروائی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر راشن سٹور کی مرمت کی جائے تو خراب ہونے والے راشن کو بچایا جا سکتا ہے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔دیواروں پر لگا سیمنٹ اکھڑ چکا ہے اور اگر راشن کی بوریاں دیواروں کے قریب رکھی جائیں تو ان کے خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے تاکہ عوام کا نقصان نہ ہو۔راشن سٹور سے راشن لینے والے لوگوں نے محکمہ امور صارفین کے وزیر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے پر توجہ دیں اور جلد از جلد سٹور کی مرمت کے لئے اقدامات کریں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ سٹور کو بہتر حالت میں لایا جائے تاکہ عوام کو معیاری راشن کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔نوشہرہ کے عوام کو امید ہے کہ محکمہ امور صارفین ان کی اپیل پر فوری کارروائی کرے گا اور خستہ حال سٹور کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ راشن کی حفاظت اور عوام کی سہولت یقینی بنائی جا سکے۔