محمد تسکین
بانہال // برفباری کی وجہ سے ایک دن تک بند رہنے بعد بانہال اور بارہمولہ کے درمیان ریل سروس کو اتوار کے روز بحال کیا گیا ہے اور معمول کی طرح سینکڑوں مسافروں نے دونوں طرف سے چلنے والی والی ٹرینوں کے ذریعے سفر کیا ۔ریلوے حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال سے سرینگر کیلئے 7بجکر 15 منٹ پر چلنے والی پہلی ریل گاڑی منسوخ تھی البتہ سنگلدان سے 7بجکر 25منٹ پر بارہمولہ کیلئے روانہ ہونے والی ریل گاڑی 8بجکر 30منٹ پر بانہال سے پہلی ٹرین کی صورت میں روانہ کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ بارہمولہ سے صبح 7 بجکر 40منٹ پر سنگلدان کیلئے اور صبح 7بجکر 30منٹ پر سرینگر سے بانہال کیلئے معمول کی پہلی ریل سروس چلائی گئی اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز برفباری کی وجہ سےاننت ناگ اور بانہال کے درمیان ریل سروس معطل رہی تاہم سنگلدان ۔ بانہال اور اننت ناگ ۔ بارہمولہ کے درمیان ریل سروس ہفتے کو بعد دوپہر بحال ہوئی ۔