بلال فرقانی
سرینگر//کشمیر اسمال اسکیل انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے باغ علی مردان خان صنعتی ایسٹیٹ میں واقع ایک اہم لکڑی کے صنعتی یونٹ کی تباہ کن آگ میں ہونے والے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فرنیچر اور لکڑی کے دستکاری مصنوعات تیار کرنے والا یونٹ28اور29دسمبر کی شب کو ایک ہولناک آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ایسو سی ایشن کے مطابق اس واقعہ میں خام مال اور تیار شدہ مصنوعات بھی جل کر خاکستر ہو گئیں جبکہ پلانٹ اور مشینری کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ کشمیر اسمال اسکیل انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے سید سجاد قلندراور ای ایس کیو گروپ کے دیگر اراکین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور ان مشکل حالات میں ان کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ایسوسی ایشن نے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی فوری اور ہم آہنگ کوششوں کی بھی تعریف کی، جن کی بروقت کارروائیوں نے آگ پر قابو پانے اور پڑوسی یونٹوں کو مزید نقصان سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایسوسی ایشن نے پولیس، خصوصاً ایس ایچ او لال بازار اشفاق احمد کی بروقت مداخلت اور موقع پر موجودگی کو سراہا، جس سے تمام افراد کی حفاظت اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔سمال انڈسٹریل کارپوریشن کے جنرل منیجر وسیم دیو، جنہوں نے اتوار کے روز متاثرہ یونٹ کا دورہ کیا، نے متاثرہ یونٹ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ایف سی آئی کے مشاورتی کمیٹی کے اراکین بشمول شاہد کاملی اور مختلف صنعتی ایسوسی ایشنوںکے صدور نے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ کشمیر اسمال اسکیل انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے ایف سی آئی کی مشاورتی کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وادی بھر کے صنعتی اسٹیٹس کی انفراسٹرکچر آڈیٹ کی تجویز پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرے، تاکہ ان اسٹیٹس میں فائر فائٹنگ نظام اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔مذکورہ واقعے کے پیش نظر، کشمیر اسمال اسکیل انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے تمام متعلقہ حکام اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نوعیت کے حادثات سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور صنعتی اسٹیٹس کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔