نئی دہلی// سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اپنے داخلی اقتصادی مسائل کے باوجود، پاکستانی فوج مکمل طور پر ملی ٹینٹوں کی پشت پناہی کر رہی ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں رواں سال مارے جانے والے 60 فیصد ملی ٹینٹ پاکستانی ہیں۔
فوجی حکام نے بتایا کہ پاکستان کی حمایت یافتہ عسکری تنظیموں میں مقامی بھرتیوں کی تعداد بھی بہت کم رہی ہے اور اس سال صرف چار مقامی افراد نے ان تنظیموں میں شمولیت اختیار کی ہے۔
مختلف انکاؤنٹرز اور آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے ریاست کے مختلف علاقوں بشمول صوبہ جموں اور کشمیر وادی میں تقریباً 75 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اس کے علاوہ ایل او سی پر دراندازی کی کوششوں کے دوران بھی کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان روایتی طور پر دنیا کے مختلف حصوں میں ملی ٹینسی پھیلانے والے بڑے مراکز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
اسلام آباد نے گزشتہ سال سے جموں کے علاقے میں ملی ٹینسی کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کر دی تھیں، لیکن راجوری، پونچھ، ڈوڈہ، کشتواڑ، کٹھوعہ اور ریاسی اضلاع میں پاکستانی ملی ٹینٹوں کی سرگرمیوں کو اضافی فوجی تعیناتی اور چائنا سرحد پر تعینات کرنے کے بعد راشٹریہ رائفلز کی یونٹ فورس کے انخلا سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کی کوششوں کے ساتھ روک لیا گیا ہے۔
فوج کے چیف جنرل اپندر دویدی اور شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے اس علاقے میں ملی ٹینٹوں کے خاتمے پر زور دیا ہے جو فوج کے وائٹ نائٹ کور کے زیر انتظام ہے۔
جموں و کشمیر میں رواں برس مارے جانے والے 60 فیصد ملی ٹینٹ پاکستانی تھے: فوج
