عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیاتی تحفظ، اور قبائلی امور، جاوید احمد رانا نے راجوری میں تمام محکموں کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اس اجلاس کا مقصد ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور قبائلی فلاح و بہبود کی اسکیموں کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے مرکزی اور یو ٹی سطح پر جاری فلاحی اسکیموں کے تحت ترقیاتی اقدامات کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔میٹنگ میں دیہی ترقی، بجلی، عوامی تعمیرات، پی ایم جی ایس وائی، جل جیون مشن، تعلیم اور صحت کے ڈھانچے کی بہتری، کلسٹر قبائلی ماڈل گاؤں، جنگلات اور وائلڈ لائف، قبائلی فلاحی اسکیموں، اور دیگر سماجی شعبوں کے پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جاوید رانا نے ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے، کام کے کلچر کو بہتر بنانے، اور بہترین مہارت کے اصولوں پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ریاستی زمین کی شناخت کریں تاکہ جنگلات کے منصوبوں کے لئے زمین کے متبادل انتظامات کئے جا سکیں۔وزیر نے کمیونٹی کی بنیاد پر ہینڈ پمپ لگانے کی تجویز دی اور پانی کی قلت سے متاثرہ گاؤں میں دو پانی کے ٹینکرز ہر حلقے کو فراہم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے ایم جی نریگا، آئی ڈبلیو ایم پی، اور آبپاشی و ماہی پروری محکمہ کے ساتھ اشتراک کے تحت ہر حلقے کے لئے 10 کروڑ روپے کے ڈی پی آرز تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ مٹی کے تحفظ، پانی کے ذخائر کو بڑھانے، اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ کیا جا سکے۔جاوید رانا نے تمام قبائلی علاقوں کو فلاحی اسکیموں میں شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی برادری کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔راجوری، بدھل، کالا کوٹ، اور تھنہ منڈی کے ایم ایل ایز اور ڈی ڈی سی چیئرمین ایڈووکیٹ نسیم لیاقت نے اپنے علاقوں سے متعلق اہم مسائل اٹھائے، جن کے حل کے لئے وزیر نے بروقت اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ڈی ڈی سی چیئرمین، ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چوہدری، ایم ایل اے کالا کوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ، ایم ایل اے تھنہ منڈی مظفر خان، ایم ایل اے راجوری افتخار احمد، اے ڈی ڈی سی راجوری ڈاکٹر راج کمار تھاپا، اور دیگر ضلع و سیکٹرل افسران شریک تھے۔