عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//سرینگر میں برفباری کی وجہ سے سمارٹ بس خدمات بھی بُری طرح سے متاثر ہوئی اور جمعہ کی شام سے ہی گاڑیاں سڑکوںسے غائب ہوگئیں جبکہ متعلقہ حکام نے دعویٰ کیا کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے گاڑیوں کی بیٹریاں چارج نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے ۔ برف باری نے سرینگر میں سمارٹ سٹی بسوں کے آپریشن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ سرینگر شہر اور اس کے مضافات میں سمارٹ سٹی بسوں کا آپریشن متاثر ہوا، تمام بسیں سڑکوں سے غائب رہنے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔اسی طرح سرینگرسمارٹ سٹی لمیٹڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ شہر میں اسمارٹ سٹی بس آپریشن متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کے وقت شدید برف باری ہونے کی وجہ سے پانتہ چھوک اسٹیشن پر بجلی غائب تھی جس کی وجہ سے بسیں چارج نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے کہا، اب، جیسا کہ صورتحال قابو میں ہے، ہم چند بسوں کو چارج کرنے میں کامیاب ہوئے، اور امید ہے کہ شام تک وہ سڑکوں پر چلائی جائیں گی۔