قاضی گنڈ// سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ٹریفک (رورل) کشمیر، رویندر پال سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک (رورل) کشمیر نے کہا کہ سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر تازہ برفباری کے باعث ٹریفک دونوں طرف سے معطل کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی بھی گاڑی شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، کیونکہ برف ہٹانے کے لیے افراد اور مشینری کو متحرک کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 350 بڑی گاڑیاں اور 150 چھوٹی گاڑیاں شاہراہ پر پھنس چکی ہیں۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا، “یہ مسلسل برفباری ہو رہی ہے۔ ہم سب سے پہلے ان گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جو شاہراہ پر پھنس گئی ہیں۔ ہمارا مشورہ ہیں کہ مسافر شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں جب تک موسم بہتر نہ ہو اور برف صاف نہ ہو جائے”۔
ایس ایس پی ٹریفک (رورل) کشمیر نے کہا کہ برفباری رکنے کے بعد برف صاف کرنے کے آپریشن کی رفتار تیز ہو جائے گی۔ “ہم ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں اور عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کوششیں کی جا رہی ہیں”۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر شروع: ایس ایس پی ٹریفک
