سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں حکام نے لائن آف کنٹرول کے پار سے ملی ٹینسی ملوث تین افراد کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ افراد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں اور انہیں ملی ٹینٹ قرار دیا جا چکا ہے۔جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس آنند جین نے اس کارروائی کو ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی فوجداری ضابطہ سی آر پی سی کی دفعہ 88کے تحت کی گئی ہے۔ یہ اقدام ایف آئی آر نمبر 14/2011کے تحت پولیس اسٹیشن کانڈی، راجوری میں درج مقدمے کے تحت لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ خدیم حسین، ولد دل محمد، رہائشی کانی، تحصیل کوٹرنکہ کی 03کنال، 04مرلے اور 31مربع فٹ زمین ضبط کی گئی جبکہ منیر حسین، ولد سعید محمد، رہائشی گکھروٹ، تحصیل کوٹرنکہ02کنال اور 08مرلے زمین ضبط،محمد شبیر، ولد فقیر محمد، رہائشی پنجنارا، تحصیل کوٹرنکہ کی 02کنال، 02مرلے اور 253مربع فٹ زمین ضبط کی گئی ۔مجموعی طور پر 07کنال اور 15مرلے زمین ضبط کی گئی، جس کی تخمینی مالیت 18.5لاکھ روپے ہے۔یہ کارروائی عدالت مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کوٹرنکہ کے احکامات کے تحت کی گئی۔ پولیس اور سول انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے یہ کارروائی مکمل کی۔ایڈیشنل ڈی جی پی آنند جین نے کہاکہ یہ فیصلہ کن کارروائی عوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور دہشت گردانہ عناصر کے خاتمے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے‘‘۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ علاقے میں امن اور سلامتی کو مضبوط بنایا جا سکے۔