اشتیاق ملک
ڈوڈہ //طویل خشک سالی کے بعد جمعہ کے ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوئی جو دیر شام تک وقفے وقفے سے جاری رہی. برفباری و بارشوں کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں خطہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے تاہم لوگوں نے تازہ برفباری و بارشوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کو صبح سے مطلع ابر آلود رہا اور دوپہر کو ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوئی جو دیر شام تک وقفے وقفے سے جاری رہی. بارش و برفباری کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے تاہم زمینداروں، کسانوں و عام لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے راحت کی سانس لی ہے۔ادھر ضلع انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے برفباری والے علاقوں کا رخ نہ کرنے، سفر کرنے سے پہلے موسم کی جانکاری حاصل کرنے و گرم ملبوسات و دیگر ضروریات کی چیزیں دستیاب رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے کئی مہینوں سے چل رہی خشک سالی سے خطہ میں گہری دھند چھائی ہوئی تھی اور جنگلات آگ کی لپیٹ میں تھے جبکہ کئی آبی ذخائر و ندی نالے سوکھ گئے تھے جس کے نتیجے میں پینے کے صاف پانی کی کمی و بجلی بحران سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔