عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پلانگڑھ علاقے میں لوگوں نے پلانگڑھ کھوڑی تا پٹی کوپرہ رابطہ سڑک کے سلسلے میں محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلانگڑھ کھوڑی تا پٹی کوپرہ رابطہ سڑک جس کی تعمیر 2017 میں ہوئی تھی معلوم وجوہات کی بناء پر آج تک تشنہ تکمیل ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک کے کچھ حصے پر محکمہ کی طرف سے بلیک ٹاپنگ بھی کی گئی تھی جو اب پوری طرح کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے اور سڑک کی انتہائی خستہ حالت ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے اس سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سڑک کئی سالوں سے خراب حالت میں ہے، لیکن کسی بھی حکومتی ادارے نے اُسے درست کرنے کی کوشش نہیں کی۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ اس سڑک کی بدحالی سے روزمرہ کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، خصوصاً بیمار افراد کو ہسپتال لے جانے، بچوں کو اسکول پہنچانے اور عام آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا ہے۔اس موقع پر یہاں کے مقیمی چوہدری باغ حسین کے علاوہ علاقے کے کئی مکینوں نے بتایا کہ سڑک پر گڑھے اتنے زیادہ ہیں کہ گاڑیاں چلانا انتہائی خطرناک کام ہے اور خاص کر بارش کے دنوں میں پانی جمع ہونے سے مزید ناقابل استعمال ہو جاتی ہے۔ احتجاج میں شریک کئی لوگوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کئی بار مقامی انتظامیہ سے اس مسئلے کی شکایت کر چکے ہیں، لیکن کوئی بھی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں وعدے تو بہت کئے گئے، لیکن ان پر عمل نہیں ہوا۔ اس لئے یہ سڑک ہماری زندگی کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ علاقے کے منتخب نمائندے انتخابات کے وقت وعدے کرتے ہیں، لیکن جیتنے کے بعد عوام کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ مقامی افراد نے حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے تاکہ یہاں کے عوام کو راحت ملے۔