رام بن// جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر کیفے ٹیریا موڑ کے قریب ایک چلتی بس پر پتھر گرنے سے ایک خاتون سیاح جاں بحق ہوگئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ بارش کے درمیان پہاڑ سے گر کر پتھر چلتی بس (رجسٹریشن نمبر JK0BBL-9197) کی کھڑکی سے ٹکرایا، جس دوران کھڑکی کے قریب بیٹھی خاتون سیاح کو سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ اُسے فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔
متوفی خاتون کی شناخت روبی اگروال زوجہ آکاش اگروال ساکن اتر پردیش کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس سٹیشن رام بن کے ایس ایچ او وجے کوتوال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بس کے دیگر مسافر محفوظ ہیں۔
پولیس نے مسافروں کو کیفے ٹیریا موڑ اور مہاڑ کے اس خطرناک حصے سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ یہاں پسیاں گرنے اور گرتے پتھر موسم کی غیر یقینی صورتحال میں خطرہ بن سکتے ہیں۔
یہ سڑک گزشتہ کئی سالوں سے تعمیراتی کام کے باعث خطرناک بنی ہوئی ہے۔ بار بار پسیاں گربے کے بعد حکومت نے اس اہم حصے پر دو لین سی-شکل کی سرنگ اور کٹ اینڈ کور سرنگ کی تجویز دی تھی، لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر سرنگ کا کام روک دیا گیا۔ تاہم، کٹ اینڈ کور سرنگ کا کام بہت سست رفتاری سے جاری ہے۔
رام بن میں بس پر پتھر گرنے سے خاتون سیاح جاں بحق
