عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دہلی اور این سی آر میں موسم کی صورتحال میں جمعہ کی صبح سے تبدیلی آئی اور کئی علاقوں میں بونداباندی اور بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بارش کی وجہ سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر میں زیادہ تر علاقوں میں گھنے بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی سے متوسط بارش کی پیش گوئی ہے۔ اس بارش کا سبب مغربی ہواں کا اثر ہے، جو ایک فعال مغربی مداخلت کے نتیجے میں دہلی تک پہنچا ہے۔جمعہ کی صبح سے ہی دہلی میں متعدد علاقوں میں بارش کی اطلاع ملی ہے، جس کے سبب شہر کی سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔ بارش کے دوران کچھ علاقوں میں گرج چمک بھی ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔آئی ایم ڈی نے 28 اور 29 دسمبر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ان دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں اور اس دوران کہرا اور ٹھنڈ مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ ان بارشوں کے سبب دہلی کے علاوہ پنجاب، ہریانہ اور دیگر شمالی ریاستوں میں بھی شدید بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔