یو این آئی
نئی دہلی//سپریم کورٹ نے زرعی پیداوار کی کم از کم امدادی قیمت کی ضمانت اور دیگر مطالبات پر پنجاب-ہریانہ کھنوری سرحد پر 26 نومبر سے غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھے کسان لیڈر 70 سالہ جگجیت سنگھ دلیوال کے علاج کے بارے میں سماعت کے دوران آج حکومت پنجاب کے رویہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔جسٹس سوریہ کانت اور سدھانشو دھولیا کی بنچ نے سماعت کے دوران پنجاب کے ایڈوکیٹ جنرل گرومندر سنگھ سے کہا “براہ کرم اسے بہت سنجیدگی سے لیں، کسی کی جان خطرے میں ہے۔ شاید آپ اسے سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ ورنہ اب تک آپ اسے طبی امداد دے چکے ہوتے۔بنچ نے پنجاب حکومت کو مسٹر ڈلیوال کا علاج یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر کچھ لوگ امن و امان کے مسائل پیدا کرتے ہیں تو ان سے سختی سے نمٹا جائے۔ سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر ہونے پر ہفتہ تک تعمیل رپورٹ طلب کر لی ہے۔