عظمیٰ نیوزسروس
رام بن//ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ بانہال نے زون بٹوت، گول اور رام بن کے ایلیمنٹری سکولوں کی فیکلٹی کے لیے گورنمنٹ پولی ٹیکنک رام بن (چندر کوٹ) کے دورے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں ابتدائی سطح پر قومی تعلیمی پالیسی نصاب کے نفاذ پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔کوآرڈینیٹر عرفان احمد، ریسورس پرسن جواز احمد، اور سکریٹری لال سنگھ کے ہمراہ 40فیکلٹی ممبران کی ایک ٹیم کا ادارے میں ایچ او ڈی الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ، ایر پون کمار اور آئی/سی الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ ایر عابد حسین نے خیرمقدم کیا۔انجینئر عابد حسین نے ابتدائی تعلیم میں حکومت کی پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے آج کے حالات میں ہنر مندی کی تعلیم کے اثرات اور ضرورت پر زور دیا۔ ایر پون کمار نے کالج میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بصیرت فراہم کی جس میں کمپیوٹر سنٹر، الیکٹریکل مشین لیب، الیکٹرانکس لیب، اسمارٹ کلاس رومز، لائبریری اور کانفرنس ہال شامل ہیں۔