سرینگر// جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہاکہ وادی کے لوگوں کو اس وقت شدید سردی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ امید کرتا ہوں کہ جموں وکشمیر میں بلا خلل بجلی کی فراہمی کے لئے صد فیصد میٹر نظام قائم ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کے بہت سارے مسائل حل نہیں ہو رہے اس کے لئے ریاستی درجے کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ا ن باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سردی کے ان ایام میں لوگوں کو راحت دینے کی خاطر بجلی کٹوتی کو کم سے کم کرنے اور پانی کی فراہمی کو یقینی کی خاطر زمینی سطح پر کام ہو رہا ہے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ رات کا درجہ حرارت نقط انجماد سے نیچے درج ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ حکومت لوگوں کی مشکلات کا جلدازجلد ازالہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت کٹوتی شیڈول پر عملدرآمد ناگزیر ہے کیونکہ سسٹم پر کافی دباو ہے۔
وزیرا علیٰ نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگوں کے پاس چار بلبوں کا معاہدہ ہے لیکن وہ اس کے بجائے چار ہیٹر استعمال کرتے ہیں اس سے نمٹنے کی خاطر صد فیصد میٹرنگ نظام اب ضروری بن گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے ہر علاقے میں میٹرز کی تنصیب سے ہی لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا :’جموں وکشمیر کے سبھی علاقوں میں سو فیصد میٹرنگ کی خاطر کام ہو رہا ہے اور انشا اللہ ہم اس ٹارگیٹ کو بہت جلد حاصل کر لیں گے۔‘
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مرکزی زیر انتظام علاقہ ہونے کی وجہ سے بہت سارے مسائل حل نہیں ہوسکتے اور اس کے لئے ریاست کی بحالی ناگزیر ہے تاہم سرکار کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ لوگوں کے مسائل غور سے سے سنیں اور انہیں یقین دلایا جائے ۔
ان کے مطابق لوگ منتخب حکومت کے پاس ہی اپنے مسائل لے کر آتے ہیں لہذا لوگوں کی توقعات پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
سیاحت سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیرا علیٰ نے کہاکہ جموں وکشمیر کو سال بھر سیاحتی مقام کے طورپر پیش کرنے کی خاطر کوششیں کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیاحتی مقامات پر برف باری کی ضرورت ہے جب برف ہوگی تو سیاح یہاں پر آئیں گے لہذا ہمیں رحمت باراں کی خاطر خدا سے دعا کرنی چاہئے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سری نگر کے کئی ہسپتالوں کا دورہ کرنے کے دوران پتہ چلا کہ رات کے اوقات میں مریضوں اور تیمارداروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کی خاطر اب شبانہ دوروں کا بھی اہتمام کروں گا۔
عمر عبداللہ نے کہاکہ ہسپتالوں میں اگر چہ صورتحال بہتر ہے لیکن مریضوں کی طرف سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ عملہ غیر حاضر رہتا ہے۔
لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر ریاستی درجے کی بحالی ناگزیر: وزیر اعلیٰ
