اننت ناگ// جنوبی ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے کم عمر اور باصلاحیت ایان سجاد نے فن و ثقافت کے میدان میں اپنی شاندار خدمات کے اعتراف میں “پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار 2024” حاصل کرکے ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
یہ ایوارڈ جو بھارت میں بچوں کے لیے سب سے بڑے اعزازات میں شمار ہوتا ہے، انوویشن، سماجی خدمت، تعلیمی کامیابیوں، کھیل، بہادری اور فن کے میدان میں غیرمعمولی کارکردگی کے لیے دیا جاتا ہے۔
ایان کا فن و ثقافت کے میدان میں سفر نہایت متاثر کن رہا ہے۔ اپنی بے مثال صلاحیتوں کے ذریعے انہوں نے نہ صرف اپنے فن کا لوہا منوایا بلکہ جموں و کشمیر کی شاندار ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا۔ ان کی لگن اور روایات کو زندہ رکھنے کی صلاحیت نے انہیں عوام اور ناقدین کی بھرپور پذیرائی حاصل کی ہے۔
نئی دہلی میں منعقدہ ایوارڈ تقریب ایان، ان کے خاندان اور جموں و کشمیر کے عوام کے لیے فخر کا لمحہ تھا۔ تقریب میں معزز شخصیات اور دیگر ایوارڈ یافتگان کی موجودگی میں ایان کو صدرِ جمہوریہ ہند نے یہ اعزاز پیش کیا۔ صدرِ جمہوریہ نے ان نوجوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے قرار دیا۔
کشمیری گلوکار ایان سجاد پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار ایوارڈ سے سرفراز
