سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ میں جمعہ کی دوپہر سے ہفتہ کی دوپہر تک فعال مغربی ہواؤں کا دباؤ اثر انداز ہوگا۔
ماہر موسمیات نے بتایا کہ جموں خطے کے بالائی علاقوں بشمول کٹھوعہ، ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ میں 1 سے 4 انچ برفباری کا امکان ہے جبکہ بلند ترین مقامات پر برف کی مقدار 10 انچ تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں کے میدانوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پونچھ اور راجوری میں نسبتاً کم اثر متوقع ہے۔
ماہر موسمیات نے مزید بتایا کہ کشمیر کے جنوبی حصوں خاص طور پر کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں 25 سے 30 فیصد امکانات کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے اور اِس کا اثر وسطی کشمیر تک بھی پھیل سکتا ہے جہاں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ لداخ کے کرگل اور لیہہ میں ہلکی سے درمیانی برفباری متوقع ہے۔ مغربی ہوا کا دباؤ جموں خطے سے داخل ہوگا جہاں اس کے زیادہ اثرات (85 فیصد امکانات) متوقع ہیں اور یہ جنوبی کشمیر (25 سے 30 فیصد امکانات) اور وسطی کشمیر (15 فیصد امکانات) تک بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔ شمالی کشمیر کے چند علاقے معمولی متاثر ہو سکتے ہیں تاہم زیادہ تر علاقے خشک رہنے کی توقع ہے۔
اسی دوران وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر نے زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کر رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں شدید سردی کے باعث شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے چلا گیا ہے۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ رواں موسم کی شدید ترین سردی میں سے ایک ہے۔ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
شمالی کشمیر کے گلمرگ میں منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ، کپوارہ میں منفی 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور بانڈی پورہ میں منفی 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل میں بالترتیب منفی 7.7 اور منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ کا شبانہ درجہ حرارت درج ہوا۔
جنوبی کشمیر کے اضلاع پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں، اور کھڈونی میں شدید سردی کا راج رہا جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ، اور منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔
ادھر لداخ کے علاقے زوجیلا میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 25.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کرگل اور لیہہ میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 12.7 اور منفی 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
مغربی ہواؤں کا اثر: جموں و کشمیر اور لداخ میں جمعہ کی دوپہر سے برف و باراں متوقع
