سرینگر// وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر نے زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کر رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں شدید سردی کے باعث شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے چلا گیا ہے۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ رواں موسم کی شدید ترین سردی میں سے ایک ہے۔ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
شمالی کشمیر کے گلمرگ میں منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ، کپوارہ میں منفی 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور بانڈی پورہ میں منفی 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل میں بالترتیب منفی 7.7 اور منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ کا شبانہ درجہ حرارت درج ہوا۔
جنوبی کشمیر کے اضلاع پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں، اور کھڈونی میں شدید سردی کا راج رہا جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ، اور منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔
ادھر لداخ کے علاقے زوجیلا میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 25.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کرگل اور لیہہ میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 12.7 اور منفی 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے اکثر علاقوں میں آئندہ دنوں میں بھی سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری متوقع ہے۔ شدید سردی کے باعث آبی ذخائر منجمد ہو چکے ہیں اور لوگوں کو صبح کے وقت پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
متعلقہ محکمے کے مطابق 27 اور 28 دسمبر کو جموں خطے کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے، جبکہ وادی کشمیر میں 29 دسمبر تک موسم خشک رہ سکتا ہے۔
کشمیر میں ٹھٹھرتی سردی برقرار، سرینگر میں پارہ منفی 7.0 ریکارڈ
