رمیش کیسر
نوشہرہ//سنت بابا سندر سنگھ جی علی بیگ والوں کی 81ویں سالانہ برسی بدھ کے روز نوشہرہ کے نونیال گردوارہ میں نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے گردوارہ صاحب میں ماتھا ٹیکا اور ارداس میں شرکت کی۔گردوارہ صاحب میں گزشتہ نومبر سے شری گرو گرنتھ صاحب جی کے پاٹھ کا سلسلہ جاری تھاجو ارداس کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ڈیرہ نگالی صاحب پنچ کے گدی نشین مہنت منجیت سنگھ اور بیرون ریاست سے آئے ہوئے راگی جتھوں نے سنت بابا سندر سنگھ جی کی حیات اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ پورے دن شبد کیرتن جاری رہا اور عقیدتمندوں نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ریاست اور بیرون ریاست سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدتمندوں نے گردوارہ صاحب میں ماتھا ٹیکا اور گرو کے لنگر کا لطف اٹھایا، جو پورے دن جاری رہا۔ عقیدتمندوں نے بابا جی کی یاد میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کو بے حد روحانی اور پراثر قرار دیا۔پولیس نے اس موقع پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا تاکہ عقیدتمند بغیر کسی پریشانی کے اس روحانی اجتماع میں شریک ہو سکیں۔واضح رہے کہ ہر سال 25 دسمبر کو سنت بابا سندر سنگھ جی علی بیگ والوں کی برسی نوشہرہ کے نونیال گاؤں میں منعقد ہوتی ہے، جس میں ہزاروں عقیدتمند دور دراز سے شرکت کرتے ہیں۔ یہ پروگرام نہ صرف بابا جی کی یاد کو زندہ رکھتا ہے بلکہ اتحاد اور خدمت کے جذبات کو بھی تقویت دیتا ہے۔