مہلوکین میںجونیئر کمیشنڈ آفیسر شامل، پانچ دیگرشدید زخمی
سمیت بھارگو
راجوری //پونچھ میں فوجی گاڑی کے ایک المناک حادثے میںایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او)بشمول 5 فوجی جوانوں کی جان چلی گئی جبکہ پانچ دیگر کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں فوج کی ایک گاڑی کے ساتھ پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں شدید چوٹیں آئیں۔حکام نے بتایا کہ حادثہ منگل کی شام مینڈھر سب ڈویژن کے منکوٹ بلنوئی علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے قریب پیش آیا۔حکام نے کہا”ایک آرمی ٹرک گہری کھائی میں گرتے ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔” فوج نے جموں میں قائم دفاعی ترجمان کے ذریعے جاری اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ یہ 2.5 ٹن وزنی گاڑی 6 گاڑیوں کا حصہ تھی جو آپریشنل ٹریک پر چل رہی تھیں اور یہ سڑک سے ہٹ کر ایک نالے میں جاگری۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشنل ٹریک ایل او سی باڑ کی اپنی طرف ہے جبکہ حادثے کا وقت شام 5:20 بجے کے قریب ہے۔دفاعی ترجمان نے مزید کہا ہے کہ دس فوجی اہلکار گاڑی میں سفر کر رہے تھے جس میں پانچ اہلکاروں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی جبکہ پانچ دیگر کو جائے حادثہ سے شدید زخمی حالت میں نکالا گیا اور انہیں پونچھ کے آرمی ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ہندوستانی فوج نے اس حادثے میں شامل کسی بھی قسم کے دہشت گردی کے واقعے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل او سی پر فوجی چوکیاں جائے حادثہ سے صرف 130 میٹر کے فاصلے پر ہیں جبکہ دوسری گاڑی بدقسمت گاڑی سے بمشکل 40 میٹر دور تھی۔فوج نے کہا”حادثے کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے اور ممکنہ طور پر ڈرائیور سڑک کے موڑ پر کنٹرول کھو بیٹھا ہے۔” بھارتی فوج نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے”فوج کی شمالی کمان اور وائٹ نائٹ کور کے تمام رینک پونچھ سیکٹر میں آپریشنل ڈیوٹی کے دوران ایک گاڑی کے حادثے میں پانچ بہادر فوجیوں کے المناک نقصان پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں” ۔عہدیداروں نے بتایا کہ نیلم ہیڈکوارٹر سے بلنوئی گھوڑا پوسٹ کی طرف جاتے ہوئے فوجی گاڑی گھوڑا پوسٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔، جس کے بعد کوئیک ری ایکشن ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔”