عظمیٰ ویب ڈیسک
پلوامہ// جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گڈورہ علاقے میں پیر کے روز ایک معمر خاتون مشکوک حالات میں مردہ پائی گئی۔
ایک حکام نے بتایا کہ خاتون کی شناخت 62 سالہ خورشید بیگم زوجہ مرحوم عبد الرحمان ڈار ساکنہ لووسوانی نیوا کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ اپنے داماد محمد اسلم ٹھوکر کے گھر گڈورہ میں مقیم تھیں کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑیں۔
حکام نے بتایا کہ اس بات کی شکایات ہیں کہ خاتون کو داماد نے مارا پیٹا تھا، جس کے بعد انھیں ہسپتال لے جایا گیا۔
خاتون کو پلوامہ ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
حکام نے بتایا کہ پولیس نے انکوائری کی کارروائی شروع کر دی ہے اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پلوامہ کی سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) پی ڈی نیتا نے بتایا کہ خاتون کو ہسپتال مردہ حالت میں لایا گیا تھا اور اُس کے جسم پر کسی قسم کے زخم کے نشانات نہیں پائے گئے۔
انہوں نے بتایا، “داماد کے بارے میں الزام کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ ہم موت کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے جانچ کر رہے ہیں”۔