عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے جنگلات مسلسل گزشتہ کئی ہفتوں سے آگ کی لپیٹ میں ہیں جسکے سبب چاروں اطراف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے اور اب دن میں بھی رات کی تاریکی کامنظر دیکھنے کو مل رہاہے۔ آگ کے سبب سینکڑوں کی تعداد میں سر سبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ہیں۔کشتواڑ قصبہ کے گردنواح کے قریبی جنگلات میں بھی آگ لگی ہے جس سے دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے اور لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ آگ کی وارداتوں سے نہ صرف جنگلات کا نقصان ہورہاہے بلکہ ماحول پر بھی اسکا گہرا اثر پڑرہاہے۔دو روز قبل تریگام جنگلات میں ااگ لگی اوردیگر قریبی جنگلات کو بھی اس سے نقصان پہنچا ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ کے ملازمین کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسطرح کی خاموشی کے سبب جنگلات کو کافی نقصان ہورہاہے جس پر فوری توجہ دی جانی چاہئے۔مقامی لوگوں نےبتایا کہ ضلع میں جنگل مافیاسبز سونے کو جلاکر راکھ کررہا ہے لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بناہوا ہے اور آگ پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔ انھوں نے محکمہ کے ملازمین پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انکی ملی بھگت سے ہی جنگل مافیا اس طرح کی حرکت کررہا ہے ۔اس دوران ڈاکٹروں نے لوگوں سے ماکس لگانے اور مریضوں سے ضروری کام پر ہی گھروں سےباہر نکلنے کی اپیل کی ہے تاکہ انھیں مزید سانس لینے میں مشکلات نہ ہوں۔ادھرانتظامیہ کی جانب سے بھی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے اور لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ان آگ کی وارداتوں پر قابو پایاجاسکے۔